Ghazals

غزل —- ابراہیم اشک
شعور ِ بندہ نوازی کے رنگ بھرتا چل
اسی ادا سے ہر اک موڑ سے گزرتا چل

ہزار اس سے محبت سہی وہ پوچھے تو
بڑا ہے لطف کہ ہنس کر ذرا مکرتا چل

خلوص و عشق و وفا سے حیات کر اپنی
اسی خزانے سے دامن کو اپنے بھرتا چل

کمال ِ عشق یہی ہے صنم پرستوں کا
کسی پہ جان لٹا دے کسی پہ مرتا چل

ملے جو دولت ِ دنیا تو بانٹ دے سب میں
غریب ِ شہر ِ ستم کی طرح سنورتا چل

سمیٹ لے تری آنکھوں میں کائنات کے رنگ
پھر اس کے بعد دھنک کی طرح بکھرتا چل

وجود ِ ذات میں طوفاں بہت مچلتے ہیں
نفس نفس میں ذرا ڈوبتا ابھرتا چل

قدم قدم پہ کئی حادثے ہیں دنیا میں
قدم قدم پہ کڑی دھوپ میں نکھرتا چل

کمال ِ شعر و سخن ہی تری عبادت ہے
نماز ِ عشق ادا اشک یونہی کرتا چل